پاکستان مسلم لیگ ن نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 96 سے تحریک انصاف چھوڑ کر پارٹی میں شامل ہونے والے ملک نواب شیر وسیر کو پارٹی ٹکٹ جاری کر دیاہے جبکہ طلال چوہدری کو سینیٹ میں جگہ دینے کی یقین دہانی کروائی گئی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق جڑانوالہ کے حلقہ این اے 95 سے طلال چوہدری 2013 میں منتخب ہوئے تاہم توہین عدالت کیس میں نااہلی کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد 2018 میں نواب شیر وسیر پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر اسی حلقہ سے کامیاب ہوئے چونکہ اب الیکشن 6 سال بعد ہونے جارہے ہیں اور نواب شیر وسیر ن لیگ میں شامل ہو چکے ہیں تو طلال چوہدری اور نواب شیر وسیر کے درمیان پارٹی ٹکٹ کا مقابلہ کافی سخت تھا، صورتحال کو دیکھتے ہوئے نوازشریف خود میدان میں اترے اور انہوں نے معاملہ سیٹل کروایا ۔
ذرائع نے سماء نیوز کو تصدیق کی ہے کہ طلال چوہدری کو این اے 96 کے بدلے میں سینیٹ میں ایڈجسٹ کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی ہے جبکہ رانا ثناء اللہ نے بھی ان کی اس حوالے سے حوصلہ افزائی کی ہے ۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ ن لیگ کے متعدد سینئر رہنما بھی طلال چوہدری کو این اے 96 سے ٹکٹ دینے کے حق میں تھے۔ سینیٹ میں نمائندگی کے علاوہ طلال چوہدری کو یقین دہانی کروائی گئی کہ پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 100 اور پی پی 101 سے امیدوار کو ٹکٹ طلال چوہدری کی رضامندی سے ہی دی جائے گی ۔