آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کے منصوبے سے ملک کو بہت فائدہ ہوگااورتکنیکی ترقی کو فروغ ملے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق کراچی میں نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کی دوسری شاخ کا افتتاح کیا گیا۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
ائیرچیف مارشل ظہیر بابر سدھو نےپاک فوج کے سپہ سالار کا آمد پر استقبال کیا۔جنرل عاصم منیر نے پارک کے ایک اور سنگ میل کے حصول پر پاک فضائیہ کی تعریف کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کو قومی اور اسٹریٹجک اہمیت کا حامل منصوبہ قرار دیا۔اور کہا کہ منصوبے سے ملک کو بہت فائدہ ہوگا،تکنیکی ترقی کو فروغ ملے گا اورنئی نسلوں کو ایک پلیٹ فارم میسر آئے گا۔
آرمی چیف نے کور ہیڈ کوارٹرز کراچی کا بھی دورہ کیا جہاں کور کمانڈر نے اُن کا خیر مقدم کیا۔ آرمی چیف کو آپریشنل تیاریوں، تربیتی امور اور فلاح و بہبود کے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔