بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت بغیر کارروائی کل تک ملتوی کر دی گئی۔
جمعہ کے روز اڈیالہ جیل میں احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے بانی پی ٹی آئی اور انکی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت کی جس کے دوران وکلاء صفائی اور ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل مظفرعباسی کی سربراہی میں نیب پراسیکیوشن ٹیم بھی عدالت میں پیش ہوئی۔
سماعت کے دوران نیب کی جانب سے 7 گواہان کو بھی پیش کیا گیا جن میں قیصر محمود ، بنیا مین ، ندا رحمان ، محمد فہیم، عظیم منظور، رابعہ صمد اور زاہد سرفراز اعظم شامل تھے۔
گزشتہ روز سماعت پر عدالت نے 4 گواہان کے بیانات قلمبند کیے تھے اور آج مزید گواہان کے بیانات قلمبند کیے جانے تھے تاہم، وکلا ء صفائی نے استدعا کی کہ وکیل لطیف کھوسہ کی عدم دستیابی کے باعث سماعت ملتوی کی جائے۔
عدالت نے وکلاء صفائی کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کردی۔