پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنرجین میریٹ نے ایک بار پھرپاک برطانیہ تعلقات کےمزیدفروغ کےعزم کااعادہ کیا ہے۔
برطانوی ہائی کمشنرجین میریٹ نے میرپور آزاد کشمیر کو دورہ کیا،ان کے ہمراہ فارن، کامن ویلتھ اینڈ ڈیولپمنٹ آفس میں پاکستان ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ رچرڈ لنڈسے بھی تھے۔
برطانوی ہائی کمشنرنے دورے کے دوران بیرسٹر سلطان محمود کے ہمراہ کمشنر،ڈی آئی جی اور دیگرحکام سے ملاقاتیں کیں،اوربرطانیہ میں مقیم پاکستانیوں سے بھی ملاقات کی، اس دوران انہوں نے مقامی حکام کی مسلسل حمایت اورتعاون پرشکریہ ادا کیا۔
خیال رہے کہ ایک اندازے کے مطابق 70 فیصد برطانوی پاکستانیوں کا تعلق میرپور سے ہے، ہائی کمشنر کو یہ بات جان کر خوشی ہوئی کہ کس طرح بین الثقافتی اثرات نے میرپور کو آج اس شہر کی شکل دی ہے۔
جین میریٹ نےمیرپورچیمبرزآف کامرس کادورہ بھی کیا، اور کہا کہ پورے پاکستان میں ہم مل کر بہت کچھ کرسکتے ہیں،تجارت وسرمایہ کاری کےفروغ اورنئی ٹیکنالوجیزلائی جاسکتی ہیں۔
برطانوی ہائی کمشنرجین میریٹ نےمسلم ہینڈزفٹبال اکیڈمی کابھی دورہ کیا، اور قطر میں اسٹریٹ چلڈرن فٹبال ورلڈ کپ میں رنرزاپ ٹیم سےملاقات کی۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ میرپوراکیڈمی میں فٹ بال کا ٹیلنٹ ناقابل یقین ہے،قطر میں ٹیم کی کارکردگی کے بارے میں جان کر خوشی ہوئی ،پاکستان اوربرطانوی عوام کوکھیلوں سے بےپناہ محبت ہے،برطانیہ فٹبال سمیت پاکستان میں کھیلوں کوفروغ دینےکیلئےپرعزم ہے۔
ہائی کمشنر اور پاکستان ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ نے صدر بیرسٹر سلطان محمود کے ہمراہ میرپور میں برطانوی کمیونٹی کے ارکان سے بھی ملاقات کی تاکہ ان کی ترجیحات اور عوام کے درمیان روابط کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔