اسپین کے شہر قرطبہ کے نواحی قصبے میں تیز رفتار دو ٹرینوں کے پٹڑی سے اترنے کے افسوسناک واقعے میں 39 افراد جاں بحق اور درجنوں مسافر زخمی ہو گئے۔
مالاگا سے میڈرڈ جانے والی ٹرین شام 7 بج کر 45 منٹ پر ادموز کے داخلی پوائنٹ پر پٹڑی سے اتر گئی اور ساتھ والی لائن میں جا گھسی، جہاں اسی وقت میڈرڈ سے ہوئلوہ جانے والی ٹرین موجود تھی۔ اس کے نتیجے میں دونوں ٹرینیں پٹڑی سے اتر گئیں۔
وزیر ٹرانسپورٹ، اوسکر پونتے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ ٹکر اتنی شدید تھی کہ رینفے کی ٹرین کے ابتدائی دو ڈبے اچھل کر الگ جا گرے۔ اطلاعات کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں الویا ٹرین کے دو اور ایریو ٹرین کے تین مسافر شامل ہیں، جبکہ ایریو ٹرین میں مجموعی طور پر 317 مسافر سوار تھے۔
حادثے کے بعد ایریو ٹرین کے آخری تین ڈبے الٹ گئے، جہاں سے کئی زخمیوں کو نکالا گیا۔ بعض مسافر ٹرین میں پھنس گئے تھے جنہیں ہنگامی ہتھوڑوں کی مدد سے کھڑکیوں کے شیشے توڑ کر باہر نکالا گیا۔





















