صدرمملکت آصف علی زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کو گل پلازہ میں جاری ریسکیو اور فائرفائٹنگ آپریشن میں تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کر دی۔ کہا شہید فائر فائٹر فرقان شوکت کوسول ایوارڈکیلئے نامزد کیا جائے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے سندھ حکومت کو ہرقسم کی معاونت کی پیشکش بھی کر دی۔
صدرمملکت نے ٹیلی فون رابطے کے دوران وزیراعلیٰ سندھ سے گل پلازہ میں لگنے والی آگ کی صورتحال دریافت کی۔ آتشزدگی کے دوران شہید فائرفائٹر فرقان شوکت کی شجاعت کو سراہا۔ آصف علی زرداری نے حکومتِ سندھ کوفرقان شوکت کوسول ایوارڈکیلئے نامزد کرنے کی ہدایت بھی کر دی۔
صدر مملکت نے کہا کہ زخمیوں کی طبی نگہداشت اورمتاثرین کیلئے فوری اقدامات کئےجائیں۔ فائر سیفٹی قوانین کے نفاذ کے ساتھ تجارتی ورہائشی عمارتوں میں حفاظتی معائنوں کے نظام کو جدید خطوط پراستوارکرنے پر بھی زور دیا۔ صدر زرداری نے کہا کہ ایسے اقدامات کئےجائیں تاکہ مستقبل میں سانحات کی روک تھام ہوسکے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی آگ سے ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ کو ہر قسم کی معاونت کی پیشکش بھی کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ دکھ اور مصیبت کی اس گھڑی میں متاثرین اورسندھ حکومت کےساتھ ہیں۔ شہری علاقوں میں آگ پربروقت قابو پانے کیلئے مؤثر نظام انتہائی ضروری ہے۔ ایسے واقعات روکنے کیلئے مربوط نظام کی تشکیل میں معاونت کیلئے تیار ہیں۔




















