حکومت خواجہ سراؤں کو با اختیار بنانے کےلیے نئے اقدام پر کام کررہا ہے۔ منصوبے کا مقصد ٹرانس جینڈرز کو تعلیم کے بنیادی حق کی فراہمی ہے۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں پولیس کے تعاون سے اسلامیہ ہائر سیکنڈری اسکول لیاقت باغ میں خصوصی کلاسز منعقد کی جارہی ہیں،ترجمان پولیس کے مطابق پاکستان میں پہلی مرتبہ ٹرانس جینڈرز کی تعلیم کے لئے اقدام اٹھایا گیا۔
ترجمان کے مطابق اسکول کیلئے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تعلیم نے بھی معاونت کی، ابتدائی طور پر 52 خواجہ سرا اسکول میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں، اسکول کا مقصد ٹرانس جینڈرز کو تعلیم کے بنیادی حق کی فراہمی ہے۔
اس سے قبل راولپنڈی پولیس نے پاکستان کا پہلا تحفظ ٹرانسجینڈر سینٹر بھی قائم کیا تھا۔ مذکورہ سینٹر 100 سے زائد خواجہ سراؤں کو نوکری اور باعزت روزگار فراہم کرچکا ہے۔
یاد رہے کہ خواجہ سراؤں کو تعلیم، ملازمتوں اور یہاں تک کہ بنیادی انسانی حقوق کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتاہے، اس کے علاوہ تشدد اور سماجی استحصال کا بھی سامنا ہے۔