توشہ خانہ ریفرنس میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف کیس کے معاملے پر بانی پی ٹی آئی نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے کیس واپس لینے کی درخواست مسترد ہونے کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا۔
بانی پی ٹی آئی نے عدالت عظمیٰ میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ اسمبلی رکنیت اور پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے کا الیکشن کمیشن کا فیصلے کیخلاف کیس لاہور ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہونے کے دوران اسلام آباد ہائیکورٹ میں بھی درخواست دائر کی۔
درخواست میں کہا گیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ سے درخواست واپس لینے کی استدعا کی جو مسترد کردی گئی، کوئی بھی عدالت مقدمہ واپس نہ کرنے پر اصرار نہیں کرسکتی۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا 6 دسمبر 2023ء کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے، اگر ایسا نہیں ہوتا تو مقدمہ لاہور ہائیکورٹ منتقل کرنے کا حکم دیا جائے۔
بانی پی ٹی آئی نے درخواست میں الیکشن کمیشن اور اسپیکر قومی اسمبلی سمیت دیگر کو فریق بنایا ہے۔