سی ڈی اے کی جانب سے سال نو کی پہلی پلاٹوں کی نیلامی کا 10، 11 اور 12 جنوری کو ایف نائن پارک اسلام آباد میں کی جائے گی۔
کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے ٹیکنیکل اینڈ ڈیجیٹائزیشن کے ممبر نعمان خالد نے بتایا ہے کہ سی ڈی اے 10، 11 اور 12 جنوری کو ایف نائن پارک اسلام آباد میں پلاٹوں کی پہلی نیلامی کرے گی۔
انہوں نے اپنی ٹیم کے ہمراہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کا دورہ کیا اور تاجر برادری کو سی ڈی اے کے پلاٹوں کی نیلامی کے بارے میں بریفنگ دی۔
نعمان خالد نے مزید کہا کہ سی ڈی اے کل 35 پلاٹ نیلام کرے گا جن میں سے 11 پہلے دن، 10 دوسرے دن اور 14 تیسرے دن نیلام کئے جائیں گے، پلاٹوں کی کیٹیگریز میں مرکز، بلیو ایریا، پارک روڈ، اپارٹمنٹس، ہوٹلز، پیٹرول پمپ، اسپتال، لکڑی، ایگرو فارمز، آئی اینڈ ٹی سینٹرز، آبپارہ مارکیٹ، کلاس 3 کے شاپنگ سینٹرز اور مؤخر شدہ پلاٹوں کی نظرثانی شامل ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ سی ڈی اے نیلام شدہ پلاٹوں کا قبضہ 75 فیصد پریمیم کی ادائیگی پر دے گا جبکہ یکمشت رقم کی ادائیگی پر 10 فیصد چھوٹ دی جائے گی۔
انہوں نے تاجر برادری کو سی ڈی اے کے مختلف ترقیاتی اقدامات کے بارے میں بھی بتایا، جس میں ٹریفک کے ہجوم کو کم کرنے کیلئے اسلام آباد میں سائیکلنگ لین کی ترقی، مزید بس روٹس متعارف کرانے، لینڈ ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن، بلڈنگ پلانز کی منظوری کا آٹومیشن اور خودکار پارکنگ شامل ہیں۔
سی ڈی اے ممبر کا کہنا ہے کہ آئی سی سی آئی نیلامی کو کامیاب بنانے میں سی ڈی اے کے ساتھ تعاون کرے، آئی سی سی آئی تاجر برادری کے ترجیحی مسائل کی فہرست دے اور سی ڈی اے ان کے حل کیلئے ایک ٹیم تشکیل دے گی۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ سی ڈی اے سرمایہ کاروں کو غیر ضروری مسائل سے بچانے کیلئے نیلام کئے جانے والے پلاٹوں کیلئے تمام مطلوبہ انفرااسٹرکچر اور شہری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائے۔
انہوں نے سی ڈی اے پر زور دیا کہ وہ بزنس کمیونٹی اور شہریوں کو بلڈنگ پلانز کی منظوری اور پلاٹ سے متعلق دیگر امور کے حوالے سے آن لائن خدمات فراہم کرنے کیلئے موبائل ایپس متعارف کرائیں۔
احسن ظفر بختاوری نے سی ڈی اے سے متعلقہ معاملات میں تاجر برادری کو سہولت فراہم کرنے کیلئے آئی سی سی آئی میں اپنا فیسیلیٹیشن ڈیسک قائم کرنے پر زور دیا، اس کے علاوہ پرانی سیوریج لائنوں کو نئی لائنوں سے تبدیل کرنے اور مارکیٹوں کی ترقی پر زور دیا۔
انہوں نے یقین دلایا کہ آئی سی سی آئی، سی ڈی اے کے پلاٹوں کی نیلامی میں فعال شرکت کیلئے سرمایہ کاروں کو متحرک کرنے میں تعاون کرے گا۔
نائب صدر آئی سی سی آئی انجینئر اظہر الاسلام ظفر نے سی ڈی اے کی نیلامی کے عمل کو مزید پرکشش بنانے کیلئے بہت سے مفید آئیڈیاز شیئر کئے جو مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی توجہ حاصل کریں گے۔