والکیری اور سپیڈ ریسر جیسی فلموں سے شہرت حاصل کرنے والے معروف جرمن اداکار کرسچن اولیور اپنی دو بیٹیوں سمیت طیارہ حادثے میں ہلاک ہو گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جرمن اداکار کرسچن اولیور کا جمعرات کو چھوٹا طیارہ کیریبین جزیرے کے ساحل پر پانی میں گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں وہ اپنی دو کم سن بیٹیوں 12 سالہ مدیتا اور 10 سالہ اینک کے ساتھ ہلاک ہوگئے۔
اس حادثے میں طیارے کے مالک اور پائلٹ رابرٹ بھی ہلاک ہو گئے۔
حکام کے مطابق حادثے کے بعد طیارے کے ملبے سے چاروں لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ حادثے کی تحقیقات ابھی جاری ہے۔
سنگل انجن والا طیارہ کیریبین کے ایک چھوٹے سے جزیرے بیکیا کے ایئرپورٹ سے ٹیک آف کرنے کے بعد جمعرات کی سہ پہر پڑوسی ملک سینٹ لوشیا جاتے ہوئے گر کر تباہ ہوا اور اس حوالے سے رائل سینٹ ونسنٹ اور گریناڈائنز پولیس فورس نے ایک بیان میں کہا کہ ٹیک آف کے کچھ دیر بعد، طیارے کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور وہ سمندر میں ڈوب گیا۔
خیال رہے کہ 51 سالہ کرسچن اولیور جرمنی میں پیدا ہوئے، انہوں نے دی گڈ جرمن میں اسٹیون سوڈربرگ کے ساتھ، کیٹ بلانشیٹ اور جارج کلونی کے ساتھ 2008 میں والکیری میں اسپیڈ ریسر میں واچاوسکی کے ساتھ کام کیا۔