خیبرپختونخوا میں ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ سے پہلے مشکوک رجسٹریشن پر 9 افراد کی گرفتاری کا انکشاف سامنے آیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 9 مشکوک امیدواروں نے ٹیسٹ سے قبل ایک ہی موبائل فون نمبر سے رجسٹریشن کی تھی جبکہ ٹیسٹ کیلئے 46 سالہ شخص کی جانب سے بھی رجسٹریشن کی گئی۔
ذرائع کے مطابق ایٹا نے ٹیسٹ میں نقل کی منصوبہ بندی سے متعلق تمام کمشنرز کو پہلے ہی آگاہ کیا تھا۔
ایٹا نے بتایا تھا کہ سوشل میڈیا پر ٹیسٹ آؤٹ کرنے کی خبریں زیرگردش ہیں۔
یاد رہے کہ خیبرپختونخوا میں منعقدہ ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے دوران بلیو ٹوتھ کے ذریعے نقل اور پیپر لیک ہونے کا سکینڈل سامنے آیا تھا جس کے بارے اعلیٰ حکام کا کہنا تھا کہ خفیہ بلیو ٹوتھ ڈیوائسز سے طلبہ و طالبات کو پیپر حل کرنے میں مدد فراہم کی جا رہی تھی۔
خیال رہے کہ ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ میں نقل کے الزام میں 219 امیدواروں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
واضح رہے کہ میڈیکل انٹری ٹیسٹ میں بلیوٹوتھ ڈیوائس کے ذریعے نقل کا معاملہ سامنے آنے پر طلبا و طالبات کے والدین کی جانب سے پشاور ہائی کورٹ ہیومن رائٹ سیل میں درخواست بھی کی گئی تھی جس پر عدالت نے ٹیسٹ کے نتائج کو روک دیا تھا۔
پشاور ہائی کورٹ نے چیف سیکرٹری، ایگزیکٹیو ڈائیریکٹر ایٹا اور جسٹرار پی ایم ڈی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے حکم جاری کیا تھا کہ آئندہ سماعت تک امتحانات کے نتائج آفیشل ویب سائٹ پر جاری نہ کئے جائیں۔
بعدازاں، عدالت عالیہ کی جانب سے کیس کی مزید سماعت 21 ستمبر تک ملتوی کر دی گئی تھی۔