ملک دشمنوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز نے خود کش بمبار سمیت چار دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق ملک کی حفاظت کرنے والے جانبازوں نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں انٹیلی بنیاد پر مبنی آپریشن کیا۔
بیان کے مطابق آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور امن دشمنوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا ، جس کے نتیجے میں ایک خودکش بمبار سمیت 4 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے خلاف متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں مصروف تھے اور ہائی پروفائل دہشت گردانہ حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے ،تاہم سکیورٹی فورسز کی بھرپور جوابی کارروائی کی وجہ ملک بڑی نقصان سے بچ گیا۔ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔
بیان کے مطابق متعلقہ علاقوں میں دیگر دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے کیونکہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔