پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تاریخ کی دوسری سب سے بڑی تیزی رونما ہوئی، ایک دن میں 2210 پوائنٹس کی تیزی نے نئے سال کے پہلے روز کو شیئر مارکیٹ کیلئے یادگار بنادیا۔
نئے سال کا پہلا دن پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے سرمایہ کاروں کیلئے یادگار بن گیا، ایک دن میں 2210 پوائنٹس کی ملکی تاریخ کی دوسری سب سے بڑی تیزی رونما ہوئی، اسٹاک مارکیٹ میں 63 اور 64 ہزار پوائنٹس کی 2 نفسیاتی حدیں ایک ساتھ بحال ہوگئی۔
آئل اینڈ گیس اور ریفائنری سیکٹر کی کمپنیوں کے شیئرز میں صبح سے ہی قیمتوں میں ایک دن کے انتہائی اضافے کے اپرلاک لگ گئے۔
ماہرین کے مطابق آئی ایم ایف سے 11 جنوری کو 70 کروڑ ڈالر قسط منظوری کی خبر کا بھی مارکیٹ پر مثبت اثر دیکھا گیا، جبکہ مہنگائی میں اضافے کی خبر کا بھی مارکیٹ پر منفی اثر نہیں پڑا۔
پیر کو اسٹاک مارکیٹ میں ساڑھے 18 ارب روپے مالیت کے 62 کروڑ شیئرز کا لین دین ہوا، 100 انڈیکس 2210 پوائنٹس بڑھ کر 64 ہزار 662 پوائنٹس پر بند ہوا۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 67 ہزار پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچا تھا۔