ایپل نے وفاقی اپیل کورٹ کی جانب سے ریلیف ملنے کے بعد اپنی ویب سائٹ پر تازہ ورژن ایپل گھڑیوں کی فروخت دوبارہ شروع کر دی ہے۔
رپورٹس کے مطابق 27 دسمبر کو ایپل ریٹیل اسٹورز نے اپنی فروخت دوبارہ شروع کی ہے جس کے بعد ایپل واچ سیریز 9 اور الٹرا 2 اب دوبارہ آن لائن دستیاب ہیں۔
ایپل نے ابتدائی طور پر ان گھڑیوں کے ماڈلز کو اپنے اسٹورز اور ویب سائٹ سے گزشتہ ہفتے ہٹا دیا تھا، اس پابندی کے پیش نظر جو 26 دسمبر سے شروع ہونے والی تھی۔
خیال رہے کہ کمپنی کو ان گھڑیوں کی عارضی طور پر فروخت جاری رکھنے کی اجازت دی گئی ہے جب تک کہ امریکی کسٹمز اور بارڈر پروٹیکشن ان مجوزہ تبدیلیوں پر کوئی فیصلہ نہیں کر لیتا جن کی توقع 12 جنوری تک متوقع ہے۔
واضح رہے کہ میڈیکل مانیٹرنگ ٹیکنالوجی کمپنی میسیمو نے ایپل پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ اس کی پلس آکسیمیٹری ٹیکنالوجی چوری کر رہا ہے اور اسے مقبول ایپل واچ میں شامل کر رہا ہے جس کے بعد 24 دسمبر کو امریکی حکومت کے ایک ٹریبیونل نے امریکا میں ایپل واچ کے تازہ ترین ورژن کی فروخت پر پابندی عائد کر دی تھی۔