دی فل مونٹی، شیکسپیئر ان لو اور دی بیسٹ ایگزوٹک میریگولڈ ہوٹل جیسی فلموں سے شہرت پانے والے برطانوی اداکار ٹام ولکنسن 75 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق ٹام ولکنسن کے انتقال کی تصدیق ان کے اہلخانہ کی جانب سے کی گئی جن کے مطابق اداکار کی 30 دسمبر کو ان کے گھر پر اچانک موت واقع ہوئی اور اس وقت ان کی بیوی اور دیگر اہل خانہ بھی موجود تھے۔
جارج کلونی جنہوں نے مائیکل کلیٹن میں ولکنسن کے ساتھ اداکاری کی تھی نے اداکار کو ’’ خوبصورتی کا مظہر ‘‘ قرار دیا۔
کلونی نے خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ورائٹی میگزین کو بتایا ’’ ٹام نے ہر پروجیکٹ کو بہتر بنایا ، ہر اداکار کو بہتر بنایا ، وہ خوبصورتی کا مظہر تھے اور ہم سب انہیں بہت یاد کریں گے ‘‘۔
ٹام ولکنسن نے مجموعی طور پر 130 سے زیادہ فلموں اور ٹی وی پراجیکٹس میں اداکاری کے جوہر دکھائے اور اپنے کیریئر کے دوران کئی نامور ایوارڈز جیتے جبکہ انہیں 2 مرتبہ آسکر ایوارڈ کے لیے نامزدگیاں بھی ملی تھیں۔