شہر اقتدار میں قومی اسمبلی کے تین حلقوں کیلئے 116 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور ہوگئے جبکہ 93 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیئے گئے۔
ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر اسلام آباد کی جانب سےجاری فہرست کے مطابق پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے صرف دو امیدواروں بابر اعوان اور علی بخاری کو کلین چٹ مل سکی جبکہ جماعت اسلامی کے تین میں سے دو امیدواروں کے کاغذات مسترد ہو گئے ۔
این اے 46 سے 41 امیداروں کے کاغذات نامزدگی منظور جبکہ 32 کے مسترد کر دیئے گئے ، این اے 47 میں 36 کاغذات نامزدگی منظور اور 39 مسترد ہوئے اور این اے 48 سے 39 کاغذات نامزدگی منظور جبکہ 22 مسترد کر دئیے گئے۔
تینوں حلقوں سےجن اہم امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منطور ہوئےہیں ان میں استحکام پاکستان پارٹی کے عامر کیانی ، مسلم لیگ ن کے انجم عقیل ، ذیشان نقوی ، طارق فضل چوہدری ، رفعت چوہدری اور جماعت اسلامی کے میاں محمد اسلم شامل ہیں۔
پیلزپارٹی کے راجہ عمران اشرف کے علاوہ آزاد امیدوار مصطفیٰ نوازکھوکھر اور راجہ خرم نواز بھی کلیئر قرار پائے۔
خواجہ سرا نایاب علی کو بھی الیکشن لڑنے کا گرین سگنل مل گیا۔
جماعت اسلامی کے این اے 47 سے امیدوار کاشف چوہدری اور این اے 48 سے ملک عبدالعزیز کے کاغذات نامزدگی مسترد ہو گئے۔