سوات میں پاکستان تحریک انصاف کے 4 رہنماؤں کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیئے گئے۔ حکام کے مطابق چاروں افراد کے نام فورتھ شیڈول میں ہونے پر کاغذات مسترد کئے گئے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سابق صوبائی وزیر ڈٓکٹر امجد علی، سابق رکن قومی اسمبلی سلیم رحمان، سابق اراکین صوبائی اسمبلی شرافت علی اور فضل حکیم خان کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیئے گئے۔
الیکشن کمیشن حکام کے مطابق چاروں امیدواروں کے نام فورتھ شیڈول میں ہونے پر ان کے کاغذات نامزدگی مسترد کئے گئے۔
رپورٹ کے مطابق سلیم الرحمان نے این اے 2، فضل حکیم نے این اے 4، ڈاکٹر امجد علی نے پی کے 7 اور شرافت علی نے پی کے 3 پر کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل الیکشن کمیشن کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اور سابق وفاقی وزیر مراد سعید کے این اے 4 سے بھی کاغذات نامزدگی مسترد کئے جاچکے ہیں۔
نو مئی واقعات کے بعد سے مفرور پی ٹی آئی رہنماء نے این اے 3 سے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرا رکھے ہیں۔