محکمہ صحت سندھ کے مطابق صوبہ بھر میں ملیریا، ڈینگی اور کانگو وائرس سے سال 2022ء کے مقابلے میں 2023ء میں اموات میں کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ نیگلیریا سے اموات ڈبل ہوگئیں۔
ترجمان محکمہ صحت سندھ نے مختلف بیماریوں کی سالانہ موازنہ رپورٹ جاری کردی۔ جس میں بتایا گیا ہے کہ سال 2022ء میں ملیریا کے 4 لاکھ 17 ہزار 213 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 24 اموات ہوئیں، سال 2022ء میں ڈینگی کے 23 ہزار 274 کیسز اور 64 اموات ریکارڈ ہوئیں۔
رپورٹ کے مطابق سال 2023ء میں ملیریا کے کیسز میں اضافہ ہوا جو 5 لاکھ 59 ہزار 515 تک پہنچ گئے تاہم محکمہ صحت کے بروقت اقدامات کی بدولت صرف 2 اموات ریکارڈ ہوئیں، سال 2023ء ڈینگی کے حوالے سے انتہائی خوش آئند رہا، سال 2023ء میں ڈینگی کے 2 ہزار 852 کیسز رپورٹ ہوئے تاہم کسی شخص کی موت واقع نہیں ہوئی۔
محکمہ صحت کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سال 2022ء میں نیگلیریا سے 7 اموات ریکارڈ ہوئی تھیں جبکہ سال 2023ء میں نیگلیریا کے سندھ بھر میں 12 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے ایک شخص صحتیاب ہوگیا جبکہ 11 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔
رپورٹ کے مطابق سندھ بھر میں سال 2022ء میں کانگو وائرس 8 کیسز میں سے 7 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ سال 2023ء میں کانگو وائرس کے 5 مریضوں میں سے 2 کی ہلاکت ہوئی