متحدہ قومی موومنٹ ( ایم کیو ایم ) کے سابق رہنما رضا ہارون اور انیس ایڈووکیٹ نے پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) میں شمولیت کا اعلان کردیا۔
جمعہ کے روز ایم کیو ایم کے سابق رہنماؤں رضا ہارون اور انیس ایڈووکیٹ نے سابق صدر آصف زرداری سے ملاقات کی اور پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔
اس موقع پر آصف زرداری نے کہا کہ پی پی کا چارٹر آف کراچی شہر کیلئے دوررس اثرات مرتب کرے گا، پاکستان پیپلزپارٹی کراچی والوں کی جماعت ہے اور کراچی والوں کیساتھ ملکر ان روشنیوں کوبحال کرنے کی جدوجہد کر رہے ہیں، کراچی کی روشنیوں کو امن دشمنوں ، نفرت کے سوداگروں نے چھین لیا تھا۔
سابق صدر کا کہنا تھا کہ کراچی والوں کی منتخب جماعت پہلی بار وفاق پر حکومت کرے گی۔
آصف زرداری کا مزید کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پوری دنیا سے کراچی میں سرمایہ کاری آئے، کراچی دبئی کی طرز پر اہم معاشی حب بنے، اقتدار میں آ کر کراچی سمیت ملک کے ہر حصے میں فلاحی منصوبے لائیں گے، بدترین مہنگائی کے دور میں عام آدمی کو ریلیف ملے گا۔