اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی اہلیہ، بیٹے اور بہو کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست منظور کرلی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے چوہدری پرویز الٰہی کی اہلیہ، بیٹے اور بہو کی لاہور کے مقدمے میں 7 دن کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی، پٹیشنرز کو 20، 20 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے پٹیشنرز کو 7 دنوں میں لاہور کی متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
سابق وزیراعلیٰ پنچاب چوہدری پرویز الٰہی کے اہلخانہ نے لاہور میں 19 جولائی کو درج مقدمے میں ضمانت کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجاع کیا، ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائر کرنے والوں میں پرویز الٰہی کی اہلیہ، بیٹے اور بہو شامل ہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے ان چیمبر سماعت کی، درخواست گزاروں کی جانب سے سردار عبدالرازق ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ چوہدری پرویز الٰہی کے اہلخانہ کو سیاسی انتقام کا سامنا ہے، درخواست گزاروں کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور کی جائے۔