سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے آئی جی اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو عہدے سے ہٹانے کے کیس میں الیکشن کمیشن سے فیصلے پر نظرثانی کی اپیل کر دی۔
منگل کے روز سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن انعام اللہ آئی جی اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو عہدے سے ہٹانے کے کیس میں الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اور کہا کہ اسلام آباد میں دہشتگردی کے واقعات اور امن و امان کے حوالے سے رپورٹس ہیں۔
سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے بتایا کہ معاملے پر پیشرفت ہے، وزارت داخلہ نے انٹیلیجنس بیورو سے دہشتگردی واقعات کی رپورٹ جاری کی ہے، اسلام آباد میں امن و امان کے حوالے سے بھی رپورٹ ہے۔
انعام اللہ نے بتایا کہ وزارت داخلہ نے درخواست کی ہے کہ الیکشن کمیشن دونوں افسران بارے میں فیصلے پر نظر ثانی کرے اور دونوں افسران کو برقرار رکھا جائے، نگران وزیراعظم نے الیکشن کمیشن کی ہدایت پردونوں افسران کے متبادل کیلئے منظوری دے دی ہے لیکن اپیل ہے کہ الیکشن کمیشن اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ وزارت داخلہ کی رپورٹ ہم دیکھ لیں گے، آپ کل تک دونوں عہدوں کیلئے پینل دیکھیں۔