نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے اپنے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ ب فارم کے اجراء کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
نادرا کی جانب سے جاری وضاحتی بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ ب فارم کے اجراء کی پالیسی میں کسی قسم کی کوئی تبدیلی زیرغور نہیں ہے۔
نادرا کا کہنا ہے کہ بچوں کے پیدائش کے اندراج اور ب فارم بنوانے کیلئے بچوں کی عمر کی مختلف حدود مقرر ہیں، بچوں کی عمر کی مختلف حدود کو ڈیڈلائن سے تشبیہ دینا درست نہیں۔
ترجمان نادرا کے مطابق بعض حلقوں کے سوشل میڈیا پر اس سے متعلق بیانات حقائق کے منافی ہیں۔
ترجمان نے شہریوں پر زور دیتے ہوئے مزید کہا ہے کہ ذمہ دار شہری ہونے کا تقاضہ ہے کہ ایسی بے بنیاد خبریں پھیلانے سے گریز کیا جائے۔
واضح رہے کہ نادرا کی طرف سے جاری کردہ فارم ب 18 سال سے کم عمر بچوں کے اندراج کیلئے استعمال کیا جاتا ہے، اسے بچوں کے پاسپورٹ ، اسکول میں داخلے یا بیرون ممالک سفر کیلئے استعمال کیا جاسکتا ہے۔
گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر بیان میں نادرا نے واضح کیا تھا کہ ’فارم ب‘ کے حصول کے لیے کسی طرح کی کوئی ڈیڈ لائن بھی مقرر نہیں کی گئی۔