سابق وفاقی وزیر اور پی ٹی آئی کے رہنماء شہریار آفریدی نے این اے 35 کوہاٹ سے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اور سابق وفاقی وزیر شہریار آفریدی نے 8 فروری کے انتخابات میں حصہ لینے کیلئے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 35 کوہاٹ سے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے۔
اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر جاری ایک پیغام میں الیکشن لڑنے کا عندیہ دیتے ہوئے کاغذات نامزدگی جمع ہونے کی رسید بھی شیئر کردی۔ شہریار آفریدی کی پوسٹ پر ہزاروں کی تعداد میں ردعمل آئے ہیں، جن میں لائیکس اور کمنٹس شامل ہیں۔
شہریار آفریدی کوہاٹ حلقے سے تحریک انصاف کے ٹکٹ پر دو بار مسلسل رکن قومی اسمبلی منتخب ہوچکے ہیں، 9 مئی واقعات کے بعد شہریار آفریدی کئی ماہ تک منظر سے غائب رہے، وہ تین ماہ بعد ضمانت پر رہا ہوئے تھے۔
شہریار آفریدی کی لیگل ٹیم نے گزشتہ روز کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے، جس کے بعد انہوں نے اپنے آفیشل فیس بک اکاؤنٹ پر پوسٹ شیئر کی تھی۔