پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے بانی عمران خان نے اسلام آباد ہائیکورٹ کا توشہ خانہ فوجداری کیس میں فیصلہ معطل کروانے کیلئے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کردی۔
ہفتہ کے روز بانی پی ٹی آئی نے توشہ خانہ فوجداری کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کروانے کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا ہے اور اس حوالے سے ان کے وکیل انتظار پنجھوتھہ کا کہنا ہے کہ اگر فیصلہ معطل ہوا تو سابق وزیر الیکشن کے لئے اہل ہو جائیں گے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بانی پی ٹی آئی نے الیکشن میں حصہ لینے کے لئے فیصلہ معطل کرنے کی استدعا کی تھی تاہم، اسلام آباد ہائیکورٹ نے ان کی اس حوالے سے دائر درخواست مسترد کر دی تھی۔
عمران خان کی جانب سے سپریم کورٹ میں کی جانے والی اپیل میں موقف اختیار کیا گیا کہ توشہ خانہ کیس میں سزا پہلے ہی معطل ہوچکی ہے، ہائیکورٹ نے صرف سزا معطل کی پورا فیصلہ نہیں، ہائیکورٹ فیصلے میں غلطی کا الیکشن کمیشن نے فائدہ اٹھایا۔
درخواست کے مطابق الیکشن کمیشن نے بانی پی ٹی آئی کی نااہلی کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا، انتخابات قریب ہیں ، درخواستگزار ملک کے سابق وزیراعظم ہیں، ملک کی سب سے بڑی جماعت کے لیڈر کو انتخابات سے باہر نہیں رکھا جا سکتا۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ سپریم کورٹ توشہ خانہ کیس میں سزا پر مبنی فیصلہ معطل کرے تاکہ انتخابات میں حصہ لیا جا سکے۔