بھارت کا کہنا ہے کہ جی 20 اجلاس میں چینی صدر شی جن پنگ کے شرکت نہ کرنے سے مذاکرات متاثر نہیں ہوں گے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر کا کہنا ہے کہ چینی صدر کے فیصلے کا نئی دہلی کے ساتھ کشیدہ تعلقات سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
بدھ کو مقامی خبر رساں ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے جے شنکر کا کہنا تھا کہ شی جن پنگ کی عدم موجودگی ہفتہ اور اتوار کو ہونے والے دنیا کی سب سے بڑی معیشتوں کے اجلاس میں اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے مذاکرات پر اثر انداز نہیں ہوگی۔
دوسری جانب بیجنگ نے بھی کہا ہے کہ نئی دہلی میں ہونے والے گروپ آف 20 کے سربراہی اجلاس میں شی جن پنگ کے شرکت نہ کرنے کے فیصلے کے باوجود دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مستحکم ہیں۔
خیال رہے کہ چین نے رواں ہفتے کے شروع میں اعلان کیا تھا کہ مارچ میں عہدہ سنبھالنے والے چینی وزیر اعظم لی کیانگ جی 20 اجلاس میں ملک کی نمائندگی کریں گے۔
یاد رہے کہ چین اور بھارت کے درمیان سرحدی تنازعہ پر کشیدگی برقرار ہے جبکہ تین سال قبل تصادم میں 20 بھارتی اور چار چینی فوجی مارے بھی گئے تھے۔
علاوہ ازیں تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ شی کا سربراہی اجلاس میں شرکت نہ کرنا دو بڑے ممالک کے درمیان تعلقات کیلئے ایک نیا دھچکا ہے۔