الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) انٹرا پارٹی انتخابات سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیشن نے سماعت کی، حکام الیکشن کمیشن کے مطابق اے این پی نے انٹراپارٹی الیکشن کیلئے وقت مانگا ہے، یکم مئی 2024ء کو 5 سال پورے ہوجائیں گے۔
اے این پی رہنما میاں افتخار حسین وکیل کے ہمراہ کمیشن میں پیش، اے این پی ک وکیل نے کمیشن کو بتایا کہ پارٹی آئین کہتا ہے کہ تمام عہدے 4 سال کیلئے ہوں گے، الیکشن نہ ہونے تک سابقہ باڈی ہی کام کرتی رہے گی۔ اب جنرل الیکشن ہے،اس وقت انٹرا پارٹی الیکشن کرانا مشکل ہے۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آپ کے اس مؤقف کے مطابق تو الیکشن کی ضرورت ہی نہیں، لگتا ہے آپ کو آئندہ الیکشن میں پارٹی نشان نہیں ملے گا۔ الیکشن کمیشن صرف ایک سال کی توسیع ہی دے سکتا ہے۔ الیکشن کمیشن نے آپ کو 6 مہینے کا وقت دیا تھا۔
میاں افتخار نے کہا کہ درخواست ہے انٹرا پارٹی الیکشن کے لئے مزید 6 ماہ دے دیں، ممبر پنجاب نے کہا کہ اے این پی جمہوری جماعت ہے تو انٹرا پارٹی الیکشن کیوں نہیں کرائے؟ میاں افتخار حسین نے کہا کہ دوبارہ درخواست لیکر آئے ہیں، ہمیں مزید وقت دے دیں، جس پر چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ چلیں پھر ہم دیکھیں گے کہ مزید توسیع دینی ہے یا نہیں۔