نگران وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ پاکستان کے روشن مستقبل کیلئے ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کو نشہ کی لعنت سے بچانا ہو گا۔
جمعہ کے روز وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات سرفراز بگٹی نے اینٹی نارکوٹکس فورس اکیڈمی کا دورہ کیا اور وہاں فارنزک لیب کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اینٹی نارکوٹکس فورس اکیڈمی میں فارنزک لیب کا قیام خوش آئند ہے، اس لیب کے قیام میں حکومت چین کے تعاون پر مشکور ہیں، انسداد منشیات سے متعلق ٹیسٹ اور رپورٹسں کے اجرا میں آسانی ہو گی۔
سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ لیب کے قیام سے مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے میں مدد ملے گی، قیمتی وقت کی بچت ہو گی اور ڈیٹا کو اکٹھا کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ منشیات، دہشت گردی کی طرح ایک بڑا چیلنج ہے، یہ ناسور ہمارے نوجوان نسل کو تباہ کرنے کے در پر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس مکروہ دھندے میں شامل تمام افراد کے سخت ترین ایکشن کو یقینی بنانا ہو گا، پاکستان کے روشن مستقبل کیلئے ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کو نشہ کی لعنت سے بچانا ہو گا، اینٹی نارکوٹکس فورس کو ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔