آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے دورہ امریکا کے دوران امریکی حکومتی عہدیداروں اور عسکری حکام سے ملاقاتیں کی ہیں۔ ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے اُمور پر بات چیت جاری رکھنے کا اعادہ کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی دورہ امریکا کے دوران کی امریکی نائب وزیرخارجہ، نائب قومی سلامتی مشیر، سیکریٹری آف اسٹیٹ اور سیکریٹری دفاع ہوئیں ہیں۔ ملاقات میں امریکی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل چارلس کیوبراؤن بھی شامل ہیں۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق ملاقاتوں کے دوران مسئلہ کشمیرکوسلامتی کونسل کی قراردادوں کےمطابق حل کرنےکی اہمیت اجاگر کی گئی جبکہ عالمی اور علاقائی سلامتی کے باہمی امور، بین الاقوامی تنازعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت جاری رکھنے کا اعادہ اور مشترکہ مفادات کے حصول کیلئے دوطرفہ تعاون کی ممکنہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دورہ امریکا کے دوران آرمی چیف کی بیرون ملک پاکستانی کمیونٹی کے ارکان سے بھی ملاقاتیں ہوئیں، اس موقع پر آرمی چیف نے بیرون ملک پاکستانی کمیونٹی کیلئے اپنی بہترین خواہشات کا اظہار کیا اور ملکی ترقی کیلئےتارکین وطن کےمثبت کردار،کوششوں کوسراہا، بیرون ملک پاکستانی کمیونٹی نےافواج کی پاکستان کی خدمات کوسراہا۔
آرمی چیف نے بیرون ملک پاکستانیوں کوپاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ امریکاپاکستان کےلیے سب سے بڑی ایکسپورٹ مارکیٹ ہے، ترجمان کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا مزید کہنا تھا کہ بیرون ملک پاکستانی، پاکستان کے سفیر اور اثاثہ ہیں، پاکستان میں بیرون ملک پاکستانیوں کو انتہائی عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔
آرمی چیف نے بیرون ملک پاکستانیوں کےلئے ویزوں کی رکاوٹ، خصوصی اسکریننگ، اور اِس طرح کے دیگر گمراہ کن افواہوں کو بھی رد کیا۔