علمائے کرام کا کہنا ہے کہ مسلمانوں کو چاہیے کہ پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر اسلام کے قلعے کو مضبوط تر بنائیں۔
تفصیلات کے مطابق 12 دسمبر 2023 کو ڈی آئی خان میں دہشتگردوں کی جانب سے کئے گئے بزدلانہ وار پر پوری قوم غم زدہ ہے۔ اندوہناک واقعے کے بعد متعدد علمائے کرام نے نہایت غم اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔
اپنے پیغام میں مولانا فضل جمیل رضوی نے کہا کہ تمام مسالک کے علمائے کرام اس دہشتگردی کے واقعے کو اسلام کے منافی سمجھتے ہیں، اس قسم کی کاروائیوں کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں، ایسے واقعات کی دین میں ہرگز گنجائش نہیں ہے۔
علامہ عابد حسین شاکری نے کہا کہ دہشتگردوں نے کل صرف پاک فوج کو ہی نہیں بلکہ پوری پاکستانی قوم کو نقصان پہنچایا ہے جبکہ مولانا یوسف شاہ نے کہا کہ یہ بہت بڑا ظلم ہے، ہمارا حکومت سے مطالبہ ہے کہ ایسے دہشتگردوں کی نشاندہی کر کے انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
قبل ازیں ویڈیو پیغام مولانا ڈاکٹر عطا الرحمن نے کہا کہ ڈی آئی خان میں ہونے والی دہشتگردوں کے حملے میں پاک فوج کے 23 جوان وطن پر قربان ہو گئے، ایسی دہشتگردانہ کارروائیوں کا دین سے کوئی تعلق نہیں۔ ہم اس دہشتگردی کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔