سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت کیلئے مقرر کردی گئی، چیف جسٹس عامر فاروق پیر کو سماعت کریں گے۔
بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے دائر درخواست میں چیئرمین پی ٹی آئی کو سائفر کیس میں ضمانت پر رہا کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔ درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ استغاثہ نے بدنیتی پر مبنی مقدمہ درج کیا، 14 ستمبر کو آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت نے درخواست ضمانت مسترد کی۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ خصوصی عدالت کی جانب سے بے ضابطگیوں اور استغاثہ کے متعدد تضادات کو مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت سماعت کیلئے مقرر کر دی گئی۔
رجسٹرار آفس کی جاری کردہ کاز لسٹ کے مطابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق پیر کو چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کریں گے۔