سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں نومبر کے دوران سالانہ بنیاد پر 6 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔
اسٹیٹ بینک کے اعدادوشمار کے مطابق نومبر 2023 میں سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 540 ملین ڈالر زرمبادلہ ملک ارسال کیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 6 فیصد زیادہ ہے۔
گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 512 ملین ڈالر زرمبادلہ ملک ارسال کیاتھا۔ اکتوبر کے مقابلے میں نومبر میں سعودی عرب سے ترسیلات زر میں ماہانہ بنیاد پر 12 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ، اکتوبر میں سعودی عرب سے ترسیلات زر کا حجم 617 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو نومبر میں کم ہو کر 540 ملین ڈالر ہوگیا۔
جاری مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے مجموعی طور پر 2.673 ارب ڈالر زرمبادلہ ملک ارسال کیا، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 3.041 ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔
واضح رہے کہ جاری مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں سمندر پار پاکستانیوں کی مجموعی ترسیلات زر کا حجم 11.045 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 10 فیصد کم ہے ۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں سمندر پار پاکستانیوں نے 12.318 ارب ڈالر زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔