نگراں حکومت نے گزشتہ روز یٹرول 26 روپے دو پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 17 روپے 34 پیسے فی لیٹر مہنگا کر دیا مگر جنوبی ایشیا کے اہم ممالک میں پٹرول کی قیمتیں پاکستانی کرنسی کے مطابق پاکستان سے اب بھی کہیں زیادہ ہیں۔
پڑوسی ملک بھارت، چین، سری لنکا،بنگلہ دیش اور جنوبی ایشیا کے دیگر ممالک میں پٹرول کی پاکستانی کرنسی میں فی لیٹر قیمتیں درجہ ذیل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بھارت میں پیٹرول فی لیٹر 381 پاکستانی روپے، بنگلہ دیش 345روپے، سری لنکا 391روپے جبکہ چین 385روپے فی لیٹر میں فروخت کی جارہی ہے۔
سعودی عرب 196روپے، جاپان 356روپے، یو اے ای 275روپے، قطر 170روپے، ملائشیا 160روپے فی لیٹر وصول کی جارہی ہے۔ آذر باییجان 346روپے، سنگا پورمیں 633روپے، ہانگ کانگ 917 روپے، فلپائن 361روپے جبکہ ترکی360 روپے فی لیٹر میں فروخت جاری ہے۔
خیال رہے کہ نگران حکومت نے مہنگائی کے مارے عوام پر ایک اور پٹرول بم گرا دیا۔ پیٹرول کی قیمت میں 26 روپے 2 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 17 روپے 34 پیسے فی لیٹر کا بڑا اضافہ کر دیا گیا۔ پٹرول کی قیمت 331 روپے 38 پیسے فی لیٹر کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 329 روپے 18 پیسے فی لیٹر ہو گئی۔
وزارت خزانہ کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عالمی مارکیٹ میں اضافے کے باعث کیا گیا۔ آئی ایم ایف سے معاہدے کے مطابق پٹرولیم مصنوعات پر لیوی 60 روپے فی لیٹر تک وصول کی جارہی ہے۔ اس مالی سال صارفین سے پٹرولیم لیوی کی مد میں 869 ارب روپے وصول کرنے کا ہدف ہے۔ گزشتہ مالی سال اس مد میں 542 ارب روپے وصول کیے گئے تھے۔