یورپی یونین کے ریگولیٹر نے پرائیویسی قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر ٹک ٹاک کو 368 ملین ڈالر کا جرمانہ کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یورپی یونین کے لیڈ ریگولیٹر نے ٹک ٹاک کو بچوں کے ذاتی ڈیٹا کی پروسیسنگ پر قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر 345 ملین یورو جرمانہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ مقبول مختصر ویڈیو شیئرنگ ایپ کو پہلی بار یورپ کے ڈیٹا پرائیویسی کے سخت قوانین کی خلاف ورزی پر سزا دی گئی ہے۔
آئرلینڈ کے ڈیٹا پروٹیکشن کمشنر ( ڈی پی سی ) نے کہا ہے کہ چینی پلیٹ فارم نے 31 جولائی 2020 سے 31 دسمبر 2020 کے درمیان یورپی یونین کے پرائیویسی کے حوالے سے متعدد قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔
یہ پہلا موقع ہے جب ByteDance کی کمپنی ٹک ٹاک کو ڈیٹا پروٹیکشن کمشنر کی طرف سے جرمانہ کیا گیا۔
یاد رہے کہ ڈی پی سی بگ ٹیک کمپنیوں کے لیے پرائیویسی ریگولیٹر ہے جس کا یورپی ہیڈ کوارٹر ڈبلن میں ہے۔
دوسری جانب ٹک ٹاک کے ترجمان نے کہا ہے کہ وہ اس فیصلے سے متفق نہیں ہیں، خاص طور پر جرمانے کی رقم سے اور یہ کہ ستمبر 2021 میں ڈی پی سی کی تحقیقات شروع ہونے سے پہلے متعارف کرائے گئے اقدامات کے نتیجے میں زیادہ تر تنقید اب متعلقہ نہیں ہے۔
پلیٹ فارم نے جمعہ کو کہا کہ وہ اپنے پرائیویسی مواد کو مزید اپ ڈیٹ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے تاکہ پبلک اور پرائیویٹ اکاؤنٹس کے درمیان فرق کو واضح کیا جا سکے۔
ڈی پی سی نے ٹک ٹاک کو اپنی تمام پروسیسنگ کو تعمیل میں لانے کے لیے تین ماہ کا وقت دیا ہے۔