الیکشن کمیشن کے وفد نے عام انتخابات 2024 کی تیاریوں کے سلسلے میں اگلے ہفتے خیبرپختونخوا کا دورہ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ اور ممبران کمیشن 14 دسمبر کوخیبرپختونخواہ کا دورہ کریں گے جس کے دوران چیف الیکشن کمشنر چیف سیکرٹری آفس میں اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں الیکشن کمیشن حکام، آئی جی اور چیف سیکریٹری خیبرپختونخواہ شریک ہوں گے اور اجلاس میں خیبرپختونخواہ میں انتخابی تیاریوں کا جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ چیف سیکرٹری اور آئی جی صوبے میں امن و امان اور انتظامی امور بارے بریفنگ دیں گے۔
اجلاس میں چیف الیکشن کمشنر عام انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے اہم ہدایات جاری کریں گے۔
چیف الیکشن کمشنر اور ممبران اس سے قبل پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں دورے کر چکے ہیں۔