پاکستانی نژاد امریکی بزنس ٹائیکون تنویر احمد نے کہا ہے کہ انہوں نے چیف آف آرمی سٹاف ( سی او اے ایس ) جنرل سید عاصم منیر کے انفارمیشن ٹیکنالوجی ( آئی ٹی ) سیکٹر کے لئے وژن سے متاثر ہو کر اسلام آباد کی نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ( نسٹ ) کے لئے 9 ملین ڈالر کا عطیہ دیا ہے۔
ہیوسٹن میں مقیم تاجر تنویر احمد نے مستحق طلباء کو سکالر شپ کے ذریعے معیاری تعلیم تک رسائی حاصل کرنے میں مدد کے لیے نسٹ کو 9 ملین ڈالر کا عطیہ دیا اور یونیورسٹی نے تصدیق کی کہ بزنس ٹائیکون نے طلباء کے لیے انڈومنٹ فنڈ کے ذریعے شراکت داری قائم کی ہے جس سے تقریباً 200 طلباء مستفید ہوں گے جو ہر سال اسکالرشپ حاصل کر سکیں گے۔
یاد رہے کہ نو ملین ڈالر کسی بھی بیرون ملک مقیم پاکستانی کی طرف سے کسی بھی پاکستانی یونیورسٹی کے لیے سب سے بڑے عطیات میں سے ایک ہے۔
تنویر احمد نے اس حوالے سے کہا کہ ’’ میں بہت خوش ہوا جب مجھے چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر کے وژن کے بارے میں معلوم ہوا جو آئی ٹی سیکٹر کے بارے میں پرجوش ہیں، مجھے یقین ہے کہ اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل ( ایس آئی ایف سی ) کے ساتھ یہ پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر کی صلاحیت کو بڑھانے کا ایک شاندار طریقہ ہے ‘‘۔
بزنس ٹائیکون کا کہنا تھا کہ ’’ میں نے پاکستان کے نوجوانوں کے لیے نسٹ انفارمیشن ٹیکنالوجی ٹاور کا تصور پیش کیا ہے جس کے لیے جنرل عاصم منیر ہماری کوششوں کو ہم آہنگ کرنے کی کوششوں کی قیادت کر رہے ہیں، ان کے اقدامات قابل تحسین اور متاثر کن ہیں ‘‘۔
انہوں نے کہا کہ ’’ پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر اور صاف شفاف معیشت کے لیے جنرل عاصم منیر نے صرف ایک سال میں جتنا کام کیا ہے اتنا کسی آرمی چیف نے نہیں کیا، انہوں نے پاکستان کی معیشت کو درست سمت پر لانے کے لیے بہترین اقدامات کیے ہیں ‘‘۔
کاروباری شخصیت نے کہا کہ ’’ پاکستان میں وسائل کی ترقی میں اہم سرکاری سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ ضروری انفراسٹرکچر دستیاب ہے، پاکستان کے پاس 2025 تک 59.6 بلین امریکی ڈالر اور فن ٹیک کی 35 بلین امریکی ڈالر کی غیر استعمال شدہ ڈیجیٹل صلاحیت ہے، آئی ٹی کی بنیادی صلاحیت کا ثبوت فری لانسنگ میں 47 فیصد اضافہ ہے جو دنیا میں چوتھے نمبر پر ہے، پاکستان کی 30 سال سے کم آبادی کا 64 فیصد نوجوان ہیں جو ہمارا سب سے بڑا وسیلہ ہے ‘‘۔
امریکی فوڈ انڈسٹری میں اپنی قسمت بنانے والے تنویر احمد نے کہا کہ ’’ صرف معیاری تعلیم ہی پاکستانیوں کو سیم آلٹ مین، لیری پیج اور ایلون مسک بنانے میں بدل سکتی ہے‘‘ ۔
تنویر احمد نے کہا کہ وہ پاکستان کے آئی ٹی اور معیاری تعلیم کے شعبے میں مدد کے لیے مزید اقدامات کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’’ نسٹ میں تعمیر کیا جانے والا انفراسٹرکچر پاکستان کو عالمی آئی ٹی کمپنیوں کی میزبانی کرنے کے قابل بنائے گا جو نسٹ آئی ٹی ٹاور کے ساتھ پاکستان میں اپنی آئی ٹی ڈیویلپمنٹ اور آئی ٹی سے چلنے والی خدمات کی بنیاد قائم کر سکتی ہیں، ہمیں پاکستان کی خوشحالی کے لیے صد بہ صد حصہ ڈالنا ہے، ہم پاکستانی یہ کر سکتے ہیں اور ہمیں اپنی قوم کی خدمت کے لیے اکٹھا ہونا چاہیے ‘‘۔
انہوں نے کہا کہ مستحق طلباء کو ہائر ایجوکیشن کمیشن ( ایچ ای سی ) کے ذریعے ان کے 9 ملین ڈالر کے عطیہ سے سالانہ وظائف ملیں گے، وظائف کے حصول کا نظام خالصتاً میرٹ پر ہوگا۔
تنویر احمد ایک امریکی پاکستانی تاجر، سرمایہ کار اور کاروباری شخصیت ہیں جو بڑی کمپنیوں کے ساتھ کام کرتے ہیں، وہ ہیوسٹن کے سب سے بڑے کرکٹ کمپلیکس، پریری ویو کرکٹ کمپلیکس اور ہیوسٹن ہریکینز کرکٹ فرنچائز کے مالک بھی ہیں۔
کروڑ پتی تاجر فوڈ چینز کے ایک برانڈ کے بانی ہیں اور پیزا ہٹ، ٹیکو بیل اور کے ایف سی جیسی فوڈ چین فرنچائزز کے بھی مالک ہیں، وہ کیلیفورنیا کی سب سے بڑی ٹرانسپورٹ کمپنی کے مالک ہیں اور توانائی کے شعبے اور ادویات کی صنعت میں کاروباری دلچسپی رکھتے ہیں۔
تنویر احمد 2022 کے تباہ کن سیلاب کے دوران پاکستان کو 50 ملین ڈالر سے زیادہ کی امداد بھی دے چکے ہیں۔
ان کا تعلق سیالکوٹ سے ہے اور انہوں نے امریکہ میں اپنے کام کی شروعات کی جب وہ بطور طالب علم وہاں گئے اور ایک ریسٹورنٹ میں کام کیا، اس کے بعد انہیں اسی ریسٹورنٹ میں بطور منیجر ترقی دی گئی جس کے بعد انہوں نے اپنا ریسٹورنٹس کا کاروبار شروع کیا اور اب متعدد کاروبار اور کامیاب کمپنیاں قائم کر چکے ہیں۔
تنویر احمد کا کہنا ہے کہ ’’ ہم اپنے مادر وطن کے مقروض ہیں کیونکہ ہم جہاں ہیں پاکستان کی وجہ سے ہیں، مجھے پاکستانی نوجوانوں کے مقاصد کے حصول میں مدد کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرنے پر خوشی ہے ‘‘۔
نسٹ کے ریکٹر انجینئر جاوید محمود بخاری نے ایک بیان میں کہا کہ یہ منصوبہ آنے والے برسوں میں ہزاروں ہونہار پاکستانی لڑکوں اور لڑکیوں کو عالمی معیار کی یونیورسٹی کی تعلیم حاصل کرنے کے لیے مستقل طور پر مستفید ہونے والا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی نژاد امریکی اور ہیوسٹن کی کاروباری شخصیت تنویر احمد نے مالی طور پر کمزور طلباء کی مدد کے لیے نسٹ کے ساتھ جو تعاون کیا ہے وہ ایک منفرد اقدام ہے۔