سعودی عرب میں ہفتہ 29 رمضان المبارک کی شام کو شوال 1446 ہجری کا چاند نظر آگیا جس کے بعد مملکت میں عید الفطر کل بروز اتوار، 30 مارچ 2025 کو منائی جائے گی۔
سعودی میڈیا کے مطابق سپریم کورٹ کی جانب سے تشکیل کردہ رویت ہلال کمیٹیوں نے چاند کی رویت کے لیے اجلاس منعقد کیا جہاں فیلڈ میں موجود ماہرین نے مختلف علاقوں سے موصول ہونے والی شہادتوں کی بنیاد پر چاند نظر آنے کی تصدیق کی۔
سعودی سپریم کورٹ نے شہریوں سے اپیل کی تھی کہ وہ 29 رمضان کی شام کو شوال کا چاند دیکھنے کی کوشش کریں اور اگر کوئی شخص چاند دیکھے تو قریبی عدالت یا متعلقہ اداروں کو مطلع کرے۔
اجلاس کے بعد سرکاری طور پر اعلان کیا گیا کہ چاند کی رویت ہوگئی ہے جس کے نتیجے میں رمضان المبارک 29 روزوں پر مشتمل ہوگا اور یکم شوال بروز اتوار ہوگی۔
سعودی میڈیا کے مطابق خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے چاند کی رویت کے اعلان کے بعد سعودی عوام اور پوری امت مسلمہ کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے دعا کی کہ یہ مبارک موقع عالم اسلام کے لیے امن، خوشحالی اور اتحاد کا باعث بنے۔
ماہرین فلکیات نے بھی اس سے قبل پیش گوئی کی تھی کہ سعودی عرب میں 29 رمضان کو چاند نظر آنے کے امکانات موجود ہیں۔
دوسری جانب متحدہ عرب امارات اور قطر میں بھی شوال کا چاند نظر آگیا ہے اور وہاں عیدالفطر کل بروز اتوار ہوگی۔