لندن میں علاج کی غرض سے مقیم پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف نے کہا ہے کہ ایک شخص کو لانے کیلئےملکی مفاد دائوپر لگانے والوں کا احتساب ضروری ہے۔
تفصیلات کے مطابق قائد ن لیگ کی زیر صدارت لندن میں پارٹی کا اہم اجلاس ہوا، جس میں شہبازشریف، محمد زبیر،عطا تارڑ،ملک احمد خان اورعابد شیرعلی اور دیگر شریک ہوئے۔
ن لیگ کے اجلاس میں21 اکتوبر نواز شریف کی پاکستان واپسی پر ایک بار پھر اتفاق کیساتھ سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سےنیب ایکٹ میں کی جانےوالی متعدد ترامیم کالعدم قرار دینے کے فیصلے پر غور کیا گیا۔
نواز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ ایک شخص کو آگے لانے کیلئے پاکستان کا مفاد دائو پر لگایاگیا،ایسے چند افراد کا احتساب ہونا ضروری ہے، لندن میں ظہیرالسلام عباسی نے سازش کرکےعمران خان،طاہرالقادری اوردیکر کو اکٹھا کیا۔
نوازشریف نے کہا کہ مہنگائی کی ذمے دار تحریک انصاف کی حکومت ہے،جبکہ شہباز شریف نے پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا،اس پر ان کی تعریف ہونی چاہئے۔