ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں جاری مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 16 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
او سی اے سی اور ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے مطابق جولائی سے نومبر 2023ء کی مدت میں ملک میں 54 لاکھ 18 ہزار ٹن پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 16 فیصد کم ہے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال جولائی تا نومبر کی مدت میں ملک میں 64 لاکھ 50 ہزار ہزار ٹن پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔
اعداد و شمار کے مطابق نومبر میں 13 لاکھ 73 ہزار ٹن پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ سال نومبر کے مقابلے میں 11 فیصد کم ہے، نومبر 2022ء میں ملک میں 15 لاکھ 45 ہزار ٹن پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔
رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں 4 لاکھ 82 ہزار ٹن فرنس آئل، 26 لاکھ 46 ہزار ٹن ہائی اسپیڈ ڈیزل، 29 لاکھ 97 ہزار ٹن پیٹرول اور 3 لاکھ 24 ہزار ٹن دیگر پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت دیکھنے میں آئی۔
واضح رہے کہ پاکستان میں پیٹرولیم کی قیمتوں میں گزشتہ مالی سال کے دوران ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا تھا، جس کے بعد پیٹرول تاریخ میں پہلی بار 300 روپے سے اوپر پہنچ گیا تھا۔