اداکارہ مومنہ اقبال کو ہراساں کرنے کے معاملے میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے رکنِ پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔
ایم پی اے ثاقب چدھڑ کے خلاف مقدمہ پیکا ایکٹ کے تحت درج کیا گیا ہے، مدعی مقدمہ کے مطابق ثاقب چدھڑ اور ان کے اہلیہ سمیراخان اور ساتھیوں نے بلیک میلنگ کی اور دھمکیاں دیں۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزمان غیرقانونی طور پر سرویلنس کرتے رہے، مومنہ اقبال اور اہلخانہ کو دھمکیاں دیں۔ ثاقب چدھڑ کی پہلی شادی کا علم ہونے پر مومنہ اقبال نے شادی سے انکار کیا، انکار پر ثاقب چدھڑ نے پرائیویٹ ویڈیوز بھیج کر بلیک میل کرنا شروع کیا۔
ایف آئی آر کے مطابق ثاقب چدھڑ نے 2023 میں جھوٹے الزامات لگا کر اداکارہ کا رشتہ بھی ختم کروایا، اداکارہ مومنہ اقبال اور ان کےشوہر کو دھمکیاں دی گئیں۔
دوسری جانب لاہورکی سیشن کورٹ نے مومنہ اقبال کو ہراساں کرنے کے مقدمےمیں ایم پی اے ثاقب چدھڑ کی عبوری ضمانت منظور کرلی۔ عدالت نے24 جون تک ثاقب چدھڑکوگرفتارکرنےسے روک دیا۔




















