وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے سعودی بزنس کونسل کو پاکستان میں موٹرویز کی تعمیر اور دیگر منصوبوں میں سرمایہ کاری کی پیشکش کردی۔ کہا سعودی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں قابل عمل اور منافع بخش آفرز دی جائیں گی۔ شہزادہ منصور بن محمد السعود نے عبدالعلیم خان کو سعودی پاک بزنس کونسل کے فورم سےمکمل تعاون کی یقین دہانی کروا دی۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیرعبدالعلیم خان سے سعودی پاکستان بزنس کونسل کے چیئرمین پرنس منصور بن محمد السعود نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعلقات بڑھانے پر بات ہوئی۔
عبدالعلیم خان نے سربراہ سعودی پاک بزنس کونسل کو پاکستان میں موٹرویز کی تعمیر اور دیگر منصوبوں میں سرمایہ کاری کی پیشکش کردی۔ کہا سعودی انویسٹرز کو پاکستان میں قابل عمل اور منافع بخش آفرز دیں گے۔
پرنس منصور بن محمد السعود نے پاکستانی شعبہ مواصلات میں شراکت داری کا عندیہ دے دیا۔ سعودی پاک بزنس کونسل کے فورم سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کروا دی، کہا پاکستان کے اس دورے سے پر امید ہیں۔
وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کراچی پورٹ ایم 10، سکھر-حیدرآباد ایم6 اور کھاریاں-راولپنڈی ایم 13موٹرویز سرمایہ کاری کے لئے موزوں ترین منصوبے ہیں، سعودی بزنس کونسل نے سرمایہ کاری کیلئے دلچسپی کا اظہار بھی کردیا۔ عبدالعلیم خان نے کہا یہ منصوبے مواصلات کے شعبے میں کمرشل نقطہ نظر سے خاصی اہمیت کے حامل ہیں۔
وزیر مواصلات نے کہا پاکستان میں نئی شاہراہوں اور موٹرویز پر تیزی سے کام ہو رہا ہے، خطے میں تجارتی سرگرمیوں کے فروغ میں روڈ نیٹ ورک کو کلیدی حیثیت حاصل ہے، اہم منصوبوں میں سعودی عرب کے اشتراک کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، پاک سعودی بزنس کونسل کے پلیٹ فارم سے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
عبدالعلیم خان نے کہا ہر پاکستانی کی سعودی عرب سے مذہبی اور گہری دلی وابستگی ہے، پاکستان اور سعودی عرب کے دیرپا، پختہ اور آزمودہ تعلقات ہیں، سعودی عرب سے پاکستان کے لئے ہمیشہ خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا گیا۔





















