چلاس میں بس پر فائرنگ سے جاں بحق ہونیوالوں کے ورثاء کیلئے 10 لاکھ روپے فی کس امداد کا اعلان کردیا، زخمیوں کو 5، 5 لاکھ روپے ملیں گے۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے کہا کہ مٹھی بھر دہشت گرد عناصر کو خطے کا امن سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر نے چلاس میں بس پر فائرنگ سے زخمی ہونیوالوں کی ریجنل اسپتال جاکر عیادت کی، دیامر کے علماء اور عمائدین سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے زخمیوں کے علاج معالجے کیلئے اسپتال اور ضلعی انتظامیہ کو تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔
وزیراعلی گلگت بلتستان نے شہداء کے لواحقین کیلئے 10 دس لاکھ روپے، شدید زخمیوں کیلئے 5، 5 لاکھ روپے اور معمولی زخمی ہونیوالے مسافروں کیلئے 3 لاکھ روپے فی کس امداد کا اعلان کیا۔
گلبر خان نے دیامر کے علماء کرام اور عمائدین سے ملاقات میں کہا کہ ظالم دہشت گردوں کو ان کی بربریت کا منہ توڑ جواب دیا جائیگا، مسافروں کے خون سے ہولی کھیلنے والے اپنے عبرت ناک انجام سے نہیں بچ سکیں گے۔
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کا کہنا تھا کہ ان مٹھی بھر دہشت گرد عناصر کو خطے کا امن سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی، دہشت گردوں کو عوامی تائید اور ریاستی طاقت سے کچل دیا جائیگا۔
واضح رہے کہ ہفتہ (2 دسمبر) کو چلاس میں نامعلوم افراد نے مسافر بس پر فائرنگ کردی تھی، جس میں 9 افراد جاں بحق اور 25 زخمی ہوگئے تھے۔