اسرائیل کی جانب سے غزہ پر وحشیانہ حملوں کے جواب میں یمن کے حوثیوں نے اسرائیلی بحری جہازوں پر حملہ کردیا، 2 جہازوں کو شدید نقصان پہنچا۔ حوثیوں کا کہنا ہے کہ پہلے جہاز کو میزائل اور دوسرے کو ڈرون سے نشانہ بنایا گیا۔
پینٹاگون کا کہنا ہے کہ بحیرہ احمر میں متعدد تجارتی جہازوں پر حملہ ہوا ہے، بحیرہ احمر میں ایک امریکی جنگی جہاز پر بھی حملہ کیا گیا۔
اسرائیلی میڈیا کا کہناہے کہ حوثیوں کے حملوں میں 2 مال بردار بحری جہازوں کو نقصان پہنچا، ایک برطانوی ملکیتی بحری جہاز کو بہت زیادہ نقصان پہنچا، جو اسرائیلی کمپنی کو لیز پر دیا گیا ہے۔
حوثیوں کا کہنا ہے کہ آبنائے باب المندب میں 2 اسرائیلی بحری جہازوں ’’یونٹی ایکسپلورر‘‘ اور ’’نمبر نائن‘‘ پر حملے کئے گئے، پہلے جہاز کو میزائل اور دوسرے کو ڈرون سے نشانہ بنایا گیا۔
عبدالمالک الحوثی کا کہنا ہے کہ دونوں بحری جہازوں نے یمنی بحری افواج کی وارننگ کو نظرانداز کیا، غزہ پر جارحیت بند ہونے تک اسرائیلی جہازوں کو نشانہ بناتے رہیں گے۔