وزیراعظم شہباز شریف چار روزہ دورہ چین کے پہلے مرحلے میں ہانگژو پہنچ گئے ، شہباز شریف، صوبہ ژجیانگ کے پارٹی سیکریٹری سے ملاقات کے ساتھ سی پیک فیز ٹو کے تحت منعقدہ بزنس فورم میں شرکت بھی کریں گے۔ وزیراعظم نے پاک چین دوستی کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ صدر شی چن پنگ اور چینی قیادت کے ساتھ ملاقات منتظر ہوں۔
ہانگژو ائیرپورٹ پر نائب گورنر، پاکستان میں چینی سفیر اور چین میں پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی نے وزیراعظم شہباز شریف کا استقبال کیا۔ وزیراعظم کی ہانگژو میں ژجیانگ صوبے کے پارٹی سیکریٹری سے ملاقات ہوگی۔ شہباز شریف سی پیک فیز ٹو کے تحت بزنس فورم میں شرکت بھی کریں گے۔ فورم کا مقصد پاکستانی اور چینی کمپنیوں کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف پاکستان اور چین کے درمیان معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کے تبادلے کی تقریب میں بھی شریک ہوں گے۔ معروف چینی کمپنیوں کے سی ای اوز سے ملاقاتیں اور چینی کمپنی علی بابا کے ہیڈکوارٹر کا دورہ بھی وزیراعظم کے شیڈول میں شامل ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پیغام میں کہا کہ سرکاری دورے کے سلسلے میں صوبہ ژجیانگ کے خوبصورت شہر ہانگژو پہنچا ہوں۔ پاکستان اور چین اپنے سفارتی تعلقات کے پچھہتر سال مکمل ہونے کا جشن منا رہے ہیں۔ میں چین کے صدر شی چن پنگ اور چینی قیادت کے ساتھ ملاقات منتظر ہوں۔ شہباز شریف نے دونوں برادر ممالک کی دوستی کو مزید مضبوط بنانے کیلئے مشترکہ عزم کا اعادہ کیااور کہا پرتپاک استقبال پر صوبہ ژی جیانگ کی قیادت کا مشکور ہوں۔ مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کیلئے خواہاں ہیں۔ وزیراعظم نے ڈیجیٹل معیشت،آئی ٹی، ٹیلی کمیونیکیشن،زراعت، قابل تجدید توانائی میں عملی تعاون مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔





















