امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران کی طرف سے امریکی بحریہ کے 3 جہازوں پر حملے کیے گئے تھے تاہم انھیں کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
ایک بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایرانی حملہ آوروں کو ’شدید نقصان‘ پہنچایا گیا اور ان کی متعدد چھوٹی کشتیاں مکمل طور پر تباہ کر دی گئی ہیں۔ یہ کشتیاں فوری اور مؤثر طریقے سے سمندر کی تہہ میں چلی گئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے بحری جہازوں پر میزائل داغے گئے تھے لیکن انھیں آسانی سے گرا دیا گیا۔ اسی طرح ڈرون بھی آئے لیکن انھیں فضا میں ہی ختم کر دیا گیا۔
ٹرمپ نے ایک بار پھر اپنا دعویٰ دہراتے ہوئے کہا کہ اگر تہران کے پاس جوہری ہتھیار استعمال کرنے کا موقع ہوتا تو وہ ’ایسا کر گزرتا۔ لیکن انھیں یہ موقع کبھی نہیں ملے گا۔ اگر وہ جلد ہی کسی معاہدے پر دستخط نہیں کرتے تو پھر جس طرح آج ہم نے انھیں مارا ہے، مستقبل میں بھی ہم انھیں اس سے بھی بری طرح ماریں گے۔
انھوں نے مزید کہا کہ ایران کی بحری ناکہ بندی بھی جاری رہے گی اور حملے کی زد میں آنے والے تینوں امریکی بحری جہاز ایک بار پھر ’آہنی دیوار‘ میں شامل ہو جائیں گے۔





















