بھارت میں ایک دلچسپ اور حیران کن واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک خاتون نے اپنی شادی کروانے کیلئے پولیس سے مدد مانگ لی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست اتر پردیش کے علاقے سرائے عنایت کی رہائشی مادھوری پٹیل نے پولیس کو درخواست دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ اس کے گھر والے اخراجات سے بچنے کیلئے اس کی شادی نہیں کروا رہے۔
خاتون کا کہنا ہے کہ وہ شادی کرنا چاہتی ہے لیکن اس کے بھائی اور بہنوئی مسلسل رکاوٹیں کھڑی کر رہے ہیں اور کئی رشتے مسترد کر چکے ہیں۔
مادھوری پٹیل نے الزام عائد کیا کہ اس کے بھائی نے خاندانی زمین بھی اپنے نام کر لی ہے اور اب شادی کی ذمہ داری اٹھانے سے انکار کر رہا ہے۔
درخواست میں خاتون نے اپنے والد، والدہ، بھائی اور بہنوئی کو نامزد کرتے ہوئے بتایا کہ وہ گزشتہ 20 برس سے اکیلی زندگی گزار رہی ہے اور اپنے اخراجات خود برداشت کر رہی ہے۔
خاتون نے اہل خانہ پر بدسلوکی، ذہنی اذیت اور جسمانی تشدد کے الزامات بھی عائد کیے ہیں۔ درخواست میں پولیس سے اپیل کی گئی ہے کہ اس کیلئے کوئی مناسب شخص تلاش کرکے شادی کا انتظام کیا جائے تاکہ وہ عزت کے ساتھ زندگی گزار سکے۔





















