میڈیا رپورٹس کے مطابق مونیکا بیراجاس نامی خاتون کافی عرصے سے شدید کھانسی کا شکار تھیں، تاہم طبیعت میں بہتری نہ آنے پر انہوں نے ڈاکٹر سے رجوع کیا۔
ایکس رے کے دوران معلوم ہوا کہ ان کی دھاتی نوز رنگ سانس کی نالی میں پھنسی ہوئی ہے۔ مونیکا نے ایک ٹک ٹاک ویڈیو میں بتایا کہ ابتدا میں انہیں احساس ہی نہیں ہوا کہ ان کی نوز رنگ غائب ہو چکی ہے، اور نہ ہی یہ خیال آیا کہ وہ سانس کی نالی میں جا سکتی ہے۔
خاتون کے مطابق صورتحال اس وقت سنگین محسوس ہوئی جب ڈاکٹروں نے بتایا کہ نوز رنگ شہ رگ سے صرف 0.5 ملی میٹر کے فاصلے پر موجود ہے، جو کسی بھی وقت جان لیوا ثابت ہو سکتی تھی۔
ڈاکٹروں نے فوری ایمرجنسی سرجری کا فیصلہ کیا، تاہم پہلی سرجری ناکام رہی اور تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہی۔ بعد ازاں دوسری سرجری کامیاب رہی، جس میں نوز رنگ کو بحفاظت نکال لیا گیا۔
معالجین کے مطابق اگر دھاتی نوز رنگ پھیپھڑوں یا شہ رگ کو نقصان پہنچاتی تو خاتون کی جان بھی جا سکتی تھی۔





















