بھارتی اداکارہ راجشری دیش پانڈے نے ویب سیریز میں بہترین اداکاری پر ملنے والا فلم فیئر ایوارڈ مظلوم فلسطینیوں کے نام کردیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق راجشری دیش پانڈے کو ویب سیریز ’ٹرائل بائے فائر‘ میں جاندار پرفارمنس پر بہترین اداکاری کا او ٹی ٹی ایوارڈ دیا گیا۔
ایوارڈ وصول کرنے کے موقع پر تقریر کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ وہ اس ایوارڈ کو ان تمام بے گناہ لوگوں کے نام کرتی ہیں جو غزہ اور فلسطین میں جنگ کا شکار ہیں۔
راجشری نے اپنا ایوارڈ ان بھارتی کسانوں کے نام بھی کیا جو اب تک بنیادی ضروریات زندگی سے بھی محروم ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ دنیا میں ہمدردی کرنیوالے لوگ آگے بڑھیں گے اور سب کو پیار، مہربانی اور رحم دلی ملے گی، جس کی سب کو ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ غزہ پر وحشیانہ اسرائیلی حملوں سے اب تک 15 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، جن میں تقریباً 7 ہزار سے زائد بچے اور چار ہزار سے زائد خواتین شامل ہیں۔