پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بلوچستان کی دھرتی کے نیچے بہت بڑا غم اور دکھ پھیلا ہے ، ہم نے بلوچستان کے دکھ پر مرہم رکھنا ہے، آپ میں اور بلاول پاکستان کو عظیم ملک بنائیں گے۔
کوئٹہ میں یوم تاسیس کے موقع پر منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ہم نے آپ کو آپ کی دھرتی کا مالک بنانا ہے ، بلوچستان میں موجود ہر چیز یہاں کے لوگوں کی ہے ، ہم بلوچستان کو پانی دے سکتے ہیں اور دیں گے ، ہمارے پاس پاکستان کو بنانے اور عوام کی خدمت کا فارمولہ ہے۔
پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین کا کہنا تھا کہ ہم نے ہر موسم ، ہر دور میں بلاول کی سپورٹ کرنی ہے ، ہمیں جو بھی آتا ہے وہ بلاول بھٹو کو منتقل کرنا ہے ، بلاول بھٹو کو نوجوانوں اور آنے والے کل کا لیڈربنانا ہے۔
آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کو ری ڈیفائن کریں گے ، امیر اور باشعور ، محنت کش کو چینلائز کرنا ہے ، کوئی قوم خود نہیں اٹھتی ، اسے لیڈر اٹھاتے ہیں ، ہمیں عوام پر امید اور ناز ہے لوگ پوچھتے تھے آپ کیا کررہے ہو ؟ ، میں کہتا تھا پاکستان کیلئے خواب دیکھتا ہوں ، میں نے پاکستان کیلئے خواب دیکھے ہیں ، میں نے عوام کے اور اپنے بچوں کیلئے خواب دیکھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے سندھ میں تنخواہ 25 سے بڑھا کر35 ہزار کی ، ایک ارب پتی سرمایہ دار نے کہا آپ نے تنخواہ بڑھا کر زیادتی کی ، میں نے کہا تمہیں خیال نہیں غریب کیسے 30، 35 ہزار میں گزارا کرے گا ، آج کے دور میں ڈرائیور بھی 50ہزار روپے میں گزارا نہیں کرسکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری سوچ یہی ہے کہ پاکستان کو عظیم ملک بنانا ہے ، انشاءاللہ پاکستان عظیم ملک بنے گا ، قائدعوام بھی کہتے تھے پاکستان عظیم ملک بنے گا ، آپ میں اور بلاول پاکستان کو عظیم ملک بنائیں گے ، پاکستان دنیا کے نقشے پر عظیم ملک بن کر ابھرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے عزت بخشنے پر بلوچ دوستوں کا بہت شکریہ ، پہلے بھی آپ کی خدمت اور پیار کرتا تھا ، آئندہ بھی کروں گا۔