فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کو ساتویں روز تک بڑھانے پراتفاق ہوگیا۔
حماس اور اسرائیل کے درمیان موجودہ جنگ بندی معاہدے میں توسیع کے لیے مذاکرات تعطل کا شکار تھے، اسرائیل نے سات بچوں اور خواتین قیدیوں اور تین اسرائیلی یرغمالیوں کی لاشوں کا تبادلہ کرنے سے انکار کر دیا تھا جو اسرائیلی بمباری سے ہلاک ہوئے تھے۔
تاہم، عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق فریقین کے درمیان جنگ بندی کو ساتویں روز تک بڑھانے پر اتفاق ہوگیا جس کی تصدیق اسرائیلی فوج اور حماس کے ترجمان کے جانب سے بھی کر دی گئی ہے۔
اسرائیلی فوج نے اعلان کیا کہ یرغمالیوں کی رہائی کے عمل کو جاری رکھنے کے لیے معاہدے کی شرائط کے تحت حماس کے ساتھ جنگ بندی جاری رہے گی جبکہ حماس کی جانب سے بھی کہا گیا کہ جنگ بندی میں ساتویں روز کی توسیع کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔
عالمی دباؤ کے باعث دونوں فریقین کا جنگ بندی میں توسیع اور یرغمالیوں کی رہائی کیلئے معاہدے پراتفاق ہوا اور معاہدے میں آخری لمحات میں توسیع ہوئی۔
اس سے قبل القسام بریگیڈز نے اعلان کیا تھا کہ دوبارہ جنگ شروع ہونے کی صورت میں صیہونیوں سے لڑنے کیلئے تیار ہیں۔