بھارتی شہر بنارس میں تبلیغی جماعت پر پابندی عائد کردی گی۔ مساجد میں مقیم کارکنوں کو نکال کر شہر بدر کردیا گیا جبکہ مساجد کو ہدایت کی گئی ہے کہ آئندہ تبلیغی جماعت کے لوگوں کے داخلہ نہ دیا جائے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق بنارس پولیس نے تبلیغی جماعت پر پابندی عائد کرتے ہوئے شہر میں تبلیغی جماعت کے کارکنوں کا داخلہ بند کردیا۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کی ایک رپورٹ کے مطابق 27 اگست کو کمشنریٹ پولیس نے بنارس کی مساجد میں مقیم تبلیغی جماعت کے کارکنوں کو ناصرف مساجد سے باہر نکالا اور بنارس سے باہر بھیجنے کیلئے ریلوے اسٹیشنوں کی طرف روانہ کردیا۔
رپورٹ کے مطابق پولیس نے تبلیغی جماعت کے ارکان کو دوبارہ بنارس نہ آنے کی ہدایت بھی کی۔ کمشنریٹ پولیس نے مساجد کے ذمہ داروں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے تنبیہ کی کہ مستقبل میں تبلیغی جماعت کی سرگرمیوں کو روک دیں۔
ذرائع کے مطابق یہ قدم اس لئے اٹھایا گیا ہے کہ شہر میں کوئی بھی پروگرام منعقد کرنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
میڈیا کے مطابق پولیس افسران اس حوالے سے کچھ بھی کہنے سے گریز کر رہے ہیں۔
مسجد انتظامیہ کے مطابق بنارس کمشنریٹ پولیس نے تبلیغی جماعت کے لوگوں کو زبردستی مساجد سے باہر نکال دیا اور ریاست چھوڑنے پر مجبور کیا، پولیس کا یہ عمل قانون اور آئین کے خلاف ہے۔